اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی حکام کے اس بیان کے ردعمل میں کہ ’’تلوار اٹھانے والوں سے قانون کی بات نہ کی جائے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کیا ہے: ’’تلوار اٹھانے والوں سے قانون کی بات نہ کریں۔
بقائی نے مزید کہا کہ اس منطق کے مقابلے میں بے حسی اختیار کرنے کی بھاری قیمت دنیا پہلے بھی ایک ہولناک صورت میں ادا کرچکی ہے۔ ہٹلر نے عمارتِ رائخسٹاگ میں آتش زدگی کے بعد قومی سلامتی کے نام پر ہنگامی حالت نافذ کی اور بنیادی حقوق معطل کرکے آمریت کے قیام کی راہ ہموار کی۔ ہٹلر نے قانون کو یک دم مسترد نہیں کیا تھا، بلکہ ابتدا میں ضرورت کے نام پر اسے اندر سے کھوکھلا کیا۔
انہوں نے لکھا کہ آج بھی جب ایران کے خلاف جنگ کو اخلاقی اور سلامتی سے متعلق دعوؤں کے ذریعے جائز قرار دیا جاتا ہے، لیکن وہی طاقت خود کو قانونی جواب دہی سے مستثنیٰ سمجھتی ہے تو عالمی برادری کو خود کو محفوظ تصور نہیں کرنا چاہیے۔
بقائی نے سوال اٹھایا کہ اگر امریکہ کا خیال ہے کہ تلوار اپنے ہاتھ میں رکھنے کی وجہ سے اسے قانون کی پابندی نہیں کرنی چاہیے تو عالمی برادری اس منطق اور داعش کی منطق میں فرق کیسے کرے گی؟
وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ عالمی نظام عین اسی لمحے بکھرنا شروع ہوجاتا ہے جب طاقتور ممالک اپنے لیے ایسے حقوق تسلیم کرلیتے ہیں جنہیں وہ دوسروں کے لیے تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔
بقائی نے امریکہ کے بانی رہنماؤں میں سے ایک جیمز میڈیسن کے فیڈرلسٹ مقالات کے مقالہ نمبر 51 کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا:
سب سے پہلے حکومت کو اس قابل بنانا ضروری ہے کہ وہ عوام پر حکمرانی کرسکے، اور اس کے بعد اسے اس بات کا پابند بنانا چاہیے کہ وہ خود کو قابو میں رکھے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی عوام کو روبیو کے ان الفاظ سے شدید تشویش محسوس کرنی چاہیے، کیونکہ جو طاقت خود کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتی، وہ جلد یا بدیر دوسروں کی آزادی کو کچل دے گی۔
آپ کا تبصرہ